اے پی سی آر مظلومین کی کررہا ہے قانونی مدد

پٹنہ: 26 دسمبر، 2021
ایسو سی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر)کے بہار چیپٹر کے زیر اہتمام سنیچر کو پٹنہ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں پٹنہ، مظفرپور، نالندہ، نوادہ، بیگوسرائے، مدھے پورہ، کٹیہار، سہسرام سمیت ریاست کے کئی اضلاع کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹرس نے شرکت کی۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری محمد احمد نے کہا کہ موجودہ وقت میں آئین کی روح پر ضرب لگائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے آئین کی تمہید میں چار اہم باتیں کہی گئی ہیں جن میں انصاف، مساوات، آزادی اور بھائی چارہ شامل ہیں۔ المیہ یہ ہے بھائی چارہ کو ختم کرنے کی منصوبہ بند سازش ہو رہی ہے۔ اسی کے تحت لوگوں کے انسانی حقوق تلف کئے جارہے ہیں۔ ایسے میں اے پی سی آر کا رول اہم ہو جاتا ہے۔
اے پی سی آر کا تعارف کراتے ہوئے اس کے بہار صدر عالم حسین نے بتایا کہ اے پی سی آر ایک ملک گیر ادارہ ہے۔ اس کا کام ایسے لوگوں کی قانونی مدد فراہم کرنا ہے جو مظلوم ہوں اور جن کے انسانی حقوق پامال کئے گئے ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ اے پی سی آر میں سیاسی جماعت سے وابستہ لوگوں کو چھوڑ کر سماج کے تمام طبقوں کے لوگ شامل ہیں۔
پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے عالم حسین نے بتایا کہ حال کے دنوں میں انسانی حقوق کی پامالی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی پس منظر میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹرس کوانسانی حقوق کی اہمیتبتانے، ساتھ ہی ان کی داد رسی کے لئے کام کرنے اور مظلومین کی قانونی مدد کرنے کے لئے انہیں جمع کیا گیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ آپ لوگ مظلوموں کی داد رسی کے لئے کھڑے ہوئے ہیں۔ جو لوگ مظلوموں کی داد رسی کے لئے کھڑے ہوتے ہیں ان کے ساتھ اللہ کی مدد شامل ہوتی ہے اورجن کے ساتھ اللہ کی مدد شامل ہوتی ہے، وہی کامیاب بھی ہوتے ہیں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*