رسول اللہ ؐ کی سیرت پر عمل کرنے سے زندگی میں انقلاب برپا ہوتا ہے: احمد علی اختر

پٹنہ: یکم نومبر، 2021

جماعت اسلامی ہند، سلطان گنج کی جانب سے پٹنہ واقع مرکز اسلامی میں اتوار کو جلسہ سیرت النبی ؐ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر صدر جلسہ وسابق امیر حلقہ، جماعت اسلامی ہند، بہار جناب احمد علی اخترنے کہا کہ ہر سال سیرت کا جلسہ ہوتا ہے، ہم جلسہ میں شریک بھی ہوتے ہیں لیکن ہماری زندگی میں کوئی انقلاب نہیں آتا۔ اگر ہم رسول اللہ ؐ کی سیرت پر عمل کر لیں توہماری زندگی میں انقلاب پیدا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایمان ایک ایسی چیز ہے جس کی نگہبانی نہیں کی جائے تو اس میں تنزلی پیدا ہو جائے گی۔ ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ ایمان کی سطح بلند ہوتی رہے۔ سابق امیر حلقہ نے کہا کہ ہمیں اپنے عمل پر غور کرنا ہوگا۔ ہم خود اسلام کا نام بدنام کر رہے ہیں۔ عمل میں وہ طاقت ہے جو بڑی بڑی تقریر میں نہیں۔
مولانا عبدالباسط ندوی نے کہا کہ ہم اس بات کا عزم کریں کہ رسول اللہ ؐ کی سنت اور سیرت کو اپنے گھر، سماج اور ملک میں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایمان ہمارے قلب میں داخل ہوتا تو ہمارا کردار اور اندازبدل جاتا۔ مولانا ندوی نے کہا کہ ہمارے برادران وطن کو ہمارے عمل کی ضرورت ہے۔ ہم رشوت خوری، فضول خرچی، بے ایمانی، ناانصافی سے پرہیزکریں۔ برادران وطن ہمارے بھائی ہیں۔ ہمارے کردار ہی سے برادران وطن اسلام کی تصویر اپنے ذہنوں میں بناتے ہیں۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اسلام کا عملی نمونہ پیش کریں۔
مولانا فضل کریم قاسمی نے کہا کہ جو شخص رسول اللہ ؐ کے مشن کی تکمیل میں مدد کرے گا، وہ اللہ کی رحمت خاص کا حقدار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج انسانیت 14 سو سال پرانے والے دور میں ہے، تڑپتی، سسکتی اور مظلومیت کی شکار۔ ان حالات میں اس کے سامنے وہی نظام زندگی پیش کرنے کی ضرورت ہے جسے رسول اللہ ؐ نے پیش کیا تھا۔ آج رسول اللہ ؐ کی سنت اور سیرت کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پھیلانے کی ضرورت ہے۔
سلطان گنج یونٹ کے امیر جناب سلطان احمد صدیقی نے کہا کہ ہم میں کا ہرشخص اپنی ذمہ داری کو محسوس کرے اور دنیا کو یہ بتائے کہ محمد رسول اللہ ؐ صرف مسلمانوں کے ہی رسول نہیں ہیں بلکہ تمام انسانیت کے رسول ہیں۔یہ ذمہ داری اس وقت تک ادا نہیں ہو سکتی جب تک ہم رسول اللہ ؐ کی سیر ت کو جاننے کی کوشش نہ کریں اور اپنی زندگیوں کو اس سیرت کے رنگ میں رنگنے کی کوشش نہ کریں۔ رسول اللہ سے محبت اور عشق کے تقاضے ہیں کہ آپ کی تعلیمات پر خود بھی عمل پیراہوں اور عوام الناس کو آپ کی تعلیمات سے واقفیت بہم پہنچائیں۔
؎ جلسہ کی نظامت رکن جماعت جناب نسیم اختر نے کی جبکہ اظہار تشکر جناب خواجہ محمد طارق نے کیا۔ جناب سلمان غنی نے نعتیہ کلام پیش کیا۔
اس سے قبل حلقہ خواتین جماعت اسلامی ہند سلطان گنج، پٹنہ کی جانب سے جلسہ سیرت النبی ﷺ برائے خواتین و طالبات کا انعقاد کیا گیا۔قائم مقام ناظمہ پٹنہ محترمہ شہمینہ رحمان نے پنے افتتاحی کلمات میں پروگرام کے انعقاد کی غرض اور ضرورت پر روشنی ڈالی۔ وہیں محترمہ شاہین فاطمہ،ناظمہ عالم گنج اور محترمہ شاذیہ احسن، سابق ناظمہ حلقہ خواتین بہار نے آپ ﷺ کا مقصد بعثت اور آپ ﷺ کی سیرت میں خواتین کے لئے رہنمائی موضوعات پر موثر و مدلل اظہار خیال کیا۔اس موقع پر ’پیارے نبی ﷺ سے سچی محبت کے تقاضے‘کے عنوان سے ایک مقالہ پیش کیا گیا۔اس کے علاوہ بچیوں نے نعتوں کا گلدستہ پیش کیا۔معاون ناظمہ بہار حلقہ خواتین محترمہ زیبائش فردوس کے اختتامی کلمات اور دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ ناظمہ بہار نے امت کو ان کے وجود کا مقصد یاد دلاتے ہوئے اللہ اور رسول کی پیروی اور قرآن و سنت سے ہی رہنمائی کی تلقین کی۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*